ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / نانڈیز اسلحہ ضبطی معاملہ 16؍ ستمبر سے باقاعدہ سرکاری گواہوں کے بیانات کا اندراج متوقع

نانڈیز اسلحہ ضبطی معاملہ 16؍ ستمبر سے باقاعدہ سرکاری گواہوں کے بیانات کا اندراج متوقع

Thu, 01 Sep 2016 17:27:45    S.O. News Service

ممبئی ۱؍ ستمبر(ایس او نیوز) مہاراشٹر کے ناندیڑ ضلع سے 2012ء کے وسط میں دہشت گردی کے الزامات کے تحت گرفتار کیئے گئے پانچ مسلم نوجوانوں کے مقدمہ کی باقاعدہ آج سے سماعت متوقع تھی اور ملزمین کو قانون امداد فراہم کرنے والی تنظیم جمعیۃ علماء مہاراشٹر (ارشد مدنی) کے دفاعی وکلاء ایڈوکیٹ شریف شیخ ، ایڈوکیٹ انصار تنبولی اور ایڈوکیٹ شاہد ندیم انصاری خصوصی NIA عدالت میں موجود تھے لیکن حسب سابق قومی تفتیشی ایجنسی کے وکیل سکھدیو نے عدالت سے معاملے کی سماعت ملتوی کرنے کی گذارش کی اور کہا کہ فی الحال ان کی تیاری مکمل نہیں ہوئی ہے اور امید ہیکہ معاملے کی اگلی سماعت پر وہ عدالت میں پہلے سرکاری گواہ کو پیش کردیں گے ۔

ممبئی کی خصو صی این آئی اے عدالت کے جج مورے نے NIA کے وکیل کو حکم دیا کہ وہ معاملے کی اگلی سماعت یعنی کے 16؍ ستمبر کو عدالت میں سرکاری گواہ کو حاضر کرے تا کہ اس کے بیان کا اندارج کیا جاسکے اور اپنی کارروائی ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ ریاستی انسداد دہشت گرد دستہ نے ملزمین محمد مزمل عبدالغنی، محمد صادق محمد فاروق، محمد الیاس محمد اکبر، محمد عرفان محمد غوث کو ناندیڑ شہر و اطراف سے گرفتار کیا تھا اور ان پر الزام لگایا تھا کہ وہ بیرون ممالک میں مقیم لشکر طیبہ اور حرکت المجاہدین نامی تنظیموں سے بذریعہ ای میل اور ٹیلی فون ربط میں تھے اور ان کے پاس سے پولس نے دو ریوالور بھی ضبط کی تھی نیز ان کے نشانے پر ایم پی ،ایم ایل اے اور صحافی حضرات تھے۔

گذشتہ دنوں ملزمین پر فرد جرم عائد کیئے جانے کے بعد دفاعی وکیل شریف شیخ نے خصوصی عدالت میں تین علیحدہ عرضداشتیں داخل کرتے ہوئے عدالت سے مطالبہ کیا کہ وہ تحقیقاتی دستہ کو حکم دے کہ سرکاری گواہوں کی گواہی شروع ہونے سے قبل ’’کیس ڈائری‘‘ اور ناندیڑ، اکولہ اور اورنگ آباد اے ٹی ایس یونٹس کی لاگ بک اور سینکشن فائل عدالت میں جمع کرائے تا کہ گواہوں کی گواہی کا آغاز ہونے کے بعد تحقیقاتی دستہ اس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہ کرسکے ۔ عدالت نے دفاعی وکیل کی عرضداشت کو سماعت کے لیئے قبول کرتے ہوئے وکیل استغاثہ سکھدیو کو حکم دیا کہ وہ اس تعلق سے 16؍ ستمبر سے قبل اپنا جواب داخل کرے ۔
 


Share: